نئی دہلی، 10؍ جولائی(آئی این ایس انڈیا ) دہلی کی ایک عدالت نے آج وزیر اعلی اروند کجریوال کے سابق پرنسپل سکریٹری راجندر کمار اور6 دیگر لوگوں کو ایک دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ان لوگوں کو مبینہ بدعنوانی کے ایک معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایس گپتا نے یہ حکم جاری کیا۔اس معاملے میں کمار کے علاوہ کجریوال کے دفتر میں ڈپٹی سیکریٹری ترون شرما، کمار کے قریبی ساتھی اشوک کمار اور ایک نجی کمپنی کے مالکان سندیپ کمار اور دنیش کمار گپتا کو بھی گرفتار کیا گیا ہے،انہیں کل تک کے لئے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔کمار 1989بیچ کے یونین کیڈر کے آئی اے ایس افسر ہیں۔عدالت نے ایک عوامی علاقے کے پی ایس یو کے موجودہ منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس کوشک اور ان کے پیشرو جی کے نندا کو بھی کل تک کے لئے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے تمام سات ملزمان کو کل خصوصی سی بی آئی عدالت میں پیش کرنے کو کہا جو انہیں پولیس ریمانڈ میں سونپنے کی ایجنسی کی درخواست پر غور کرے گی۔سی بی آئی نے عدالت میں الزام لگایا ہے کہ کمار ایک متاثر کن شخص ہیں اور وہ گواہوں کو دھمکی دے رہے تھے۔سی بی آئی کے مطابق پہلے گرفتار کئے گئے پانچ ملزمان نے 50کروڑ روپے کے سرکاری ٹھیکے دینے میں نجی کمپنی اینڈیور سسٹمز پرائیوٹ لمیٹڈ کو مبینہ طور پر غیر منصفانہ فائدہ دیا تھا۔اس کمپنی کو مبینہ طور پر کمار نے بنائی تھی ۔